پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاقی حکومت کے پارٹی پر پابندی کے فیصلے کو مایوس کن خواہش کا اظہار قرار دیا ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں ترجمان پی ٹی آئی نے پارٹی پر پابندی کے وفاقی حکومت کے فیصلے پر ردعمل دیا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ وفاقی حکومت کا پابندی کا فیصلہ مایوس کن خواہش کا اظہار ہے، عطا تارڑ کی پریس کانفرنس سپریم کورٹ کے فیصلے پر شرمندگی مٹانے کی کوشش ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ مینڈیٹ چوروں اور سرپرستوں کی ہر سازش کا عوامی حمایت سے منہ توڑ جواب دیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ذلت اور شکست سے گھبرایا حکومتی ٹولہ 24 کروڑ عوام کو ڈرانا چاہتا ہے، آرٹیکل 6 کے حقیقی حقدار قوم کی نگاہوں کے سامنے واضح ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملک تباہی و انتشار کی دلدل میں دھکیلنے والوں کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور کریں گے۔