بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک بار پھر 9 مئی واقعات سے اظہار لاتعلقی کیا ہے۔
اینٹی ٹیرارزم کورٹ (اے ٹی سی) لاہور کے جج کو ویڈیو لنک پر بیان دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے تو صرف پر امن احتجاج کی کال دی تھی، حملہ اُن کے گھر پر ہوا۔
بانی پی ٹی آئی نے عدالت میں بیان دیا کہ میں نے 9 مئی کا واقعہ نہیں کروایا میرا ان واقعات سے تعلق نہیں، وزیرآباد میں مجھ پر حملہ ہوا، میری حکومت کے باوجود میری مرضی پر ایف آئی آر درج نہیں کی گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ سے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج غائب کردی گئی، میرے گھر میں حملہ کیا گیا، میں نے پرامن احتجاج کا کہا تھا، 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کےلیے سپریم کورٹ میں درخواست دی ہے، میں نے چیف جسٹس کو یاد دہانی کروائی ہے ہماری درخواست پر سماعت کریں۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیلوں نے واٹس ایپ ویڈیو کال پر بیان دلوانے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اس کا نوٹیفیکیشن نہیں ہوا، عدالت حکومت کو ہدایت کرے کہ بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کی جگہ ذاتی طور پر عدالت پیش کیا جائے۔
انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا 9 مئی کے 12 مقدمات میں 10 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔