بھارتی اسٹار اداکار ٹائیگر شروف نے انکشاف کیا ہے کہ وہ پڑھائی سے زیادہ کھیلوں میں اچھے تھے۔
ٹائیگر شروف نے 2014 کی ہٹ فلم ہیروپنتی سے ڈیبیو کیا جبکہ انکے بارے میں مشہور ہے کہ اگر وہ اداکار نہ ہوتے تو بھارت کی انٹرنیشنل فٹبال ٹیم کے کھلاڑی ہوتے۔
ہیروپنتی اسٹار نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی کھیلوں سے محبت کے بارے میں بات کی اور اسکے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم پر بھی روشنی ڈالی۔
ٹائیگر شروف نے کہا کہ "میں ایک ایکشن ہیرو ہوں، اس لیے کھیل میرے لیے بہت اہم ہیں۔ کھیل زندگی کی سب سے بہترین چیز ہے۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ "جب بھی میں شوٹنگ نہیں کر رہا ہوتا تو میں فٹبال کھیل رہا ہوتا ہوں۔ میں تعلیمی میدان میں اتنا اچھا نہیں تھا لیکن میں ہمیشہ کھیلوں میں اپنی پوری محنت کرتا تھا۔”
ٹائیگر نے یہ بھی بتایا کہ وہ بالی ووڈ کے دوسرے ستاروں کے ساتھ فٹبال کھیلتے ہیں جن میں کارتک آریان، شوجیت دادا، ابھیشیک بچن وغیرہ بھی شامل ہیں۔
بھارتی اداکار کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ فٹ رہنے کے شوقین رہے ہیں اور جب بھی موقع ملتا ہے، جم جانے اور ورزش کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔
ٹائیگر نے چار سال کی عمر میں مارشل آرٹس کی تربیت شروع کی اور تائیکوانڈو میں پانچویں ڈگری بلیک بیلٹ حاصل کی۔ وہ کئی لڑائی کے انداز جانتے ہیں اور جمناسٹکس میں بھی تربیت یافتہ ہیں۔
اداکار کو آخری بار 2024 کی ہندی فلم "بڑے میاں چھوٹے میاں” میں اکشے کمار کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ ایکشن فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں ہو سکی۔