پیرس ؍ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی ایک فتنے کا موجب ہے، اب اس کا خاتمہ ہو کر رہے گا۔ نوارشریف کی قیادت میں پاکستان کو مشکلات سے نکال کر ترقی یافتہ ممالک میں شمار کریں گے۔ مسلم لیگ (ن )فرانس کے زیر اہتمام پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کا جلسہ ہوا۔ رانا ثناء اللہ نے عمران نیازی کو فتنہ قرار دیا اور کہا کہ اب اس فتنے کا خاتمہ ہو کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب انشاء اللہ مسلم لیگ ہی اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ نواز شریف ہی اس ملک کو ترقی یافتہ ملکوں میں شمار کریں گے۔ ہم نے اوورسیز کی ہر مشکلات کا حال نکالنا ہے اور پارلیمنٹ میں بھی ان کو نمائندگی دی جائے گی۔ رانا ثناء اللہ اولمپکس 2024ء کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے پیرس میں موجود ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے یونیسکو ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران چینج دی گیم وزارتی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 240 ملین افراد پر مشتمل ہے۔ آبادی کا زیادہ تر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام شروع کیا۔ کسی بھی معاشرے کیلئے جسمانی تعلیم اور کھیل بہت ضروری ہیں۔ جسمانی صحت اور کھیل کے حوالے سے یونیسکو کھیلوں کا کردار قابل تعریف ہے۔ جلسے میں فرانس میں پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد، بیرسٹر امجد ملک، میاں محمد حنیف سمیت لیگیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر امجد ملک اوورسیز میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک پاکستان کی ترقی میں بھر پور حصہ ڈالنا ہے اور اس کو مشکلات سے نکالیں گے۔ میاں محمد حنیف نے کہا کہ بیرون ممالک میں بسنے والے اس وقت پاکستان کی جو خدمت کر رہے ہیں وہ ناقابل فراموش ہے۔ چیف کوارڈی نیٹر طلعت محمود چوہان نے کہا کہ ہم دیار غیر میں ہر لمحہ پاکستان کے حالات سے نہ صرف باخبر رہتے ہیں بلکہ پاکستان میں رہنے والوں سے زیادہ فکر مند ہیں۔