پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج پارلیمنٹ میں بھوک ہڑتالی کیمپ نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ اپنے متعلقہ حلقوں میں احتجاج کریں گے، تحریک انصاف کے تمام ارکان پارلیمنٹ اور ارکان صوبائی اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کی ہدایت کی گئی ہے۔
ارکان پارلیمنٹ کے اپنے اپنے حلقوں میں ہونے کی وجہ سے بھوک ہڑتالی کیمپ نہیں ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں آج ہونے والا احتجاج مؤخر کر دیا۔
ریجنل صدر پی ٹی آئی عامر مغل کا کہنا ہے کہ آج دوپہر 3 بجے احتجاج کی کال دی تھی، اجازت کیلئے قانونی راستہ اپنایا اور ڈی سی کو 23 جولائی کو درخواست دی، اجازت نہ ملنے پر ہم نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
عامر مغل نے کہا کہ ابھی تک عدالت نے احتجاج کے حوالے سے تحریری اجازت نہیں دی، پارٹی کی مرکزی قیادت کو اعتماد میں لے کر احتجاج کو مؤخر کیا ہے، آج کے احتجاج کو عدالتی حکم کے احترام میں پیر تک مؤخر کر رہے ہیں۔