پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے تو اتنے ٹوٹل ووٹ نہیں لیے جتنی گرفتاریاں بتا رہے ہیں، یہ بالکل خیال نہیں کرتے کہ ان کی جماعت کے نام کے ساتھ اسلامی لگا ہوا ہے۔
سب تک نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ احتجاج کی اجازت قانون اور ضابطوں کے مطابق ہوتی ہے، احتجاج اور انتشار میں فرق ہونا چاہیے، جو قانون میں دیے گئے طریقہ کار کو پورا کرے گا وہ سو بار احتجاج کرے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ میں اسلام آباد سے نکلا ہوں چند ٹولیاں احتجاج کے لیے نکلی ہیں، ایک دو جگہوں پر بیس، تیس نوجوان کھڑے ہیں، کوئی لمبا چوڑا احتجاج نظر نہیں آیا، اگر لوگوں کے کاروبار اور کاموں میں رکاوٹ ہوگی تو پھر حکومت کس چیز کےلیے ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اس اسمبلی کے ہوتے ہوئے پی ٹی آئی کے کسی ایڈونچر کا دور دور تک چانس نہیں، خوش فہمیاں ہوتی ہیں اپوزیشن کے 5 سال آسانی سے نہیں گزرتے، اس اسمبلی کے ہوتے ہوئے حکومت کی کسی قسم کی تبدیلی کا کوئی چانس نہیں۔