گوجرخان (نامہ نگار) کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا ریلوے انڈر پاس تباہ ہونے کا خدشہ، گزشتہ دس دنوں سے بارش کا کئی کئی فٹ اونچا پانی مسلسل کھڑا ہونے سے انڈر پاس کی بنیادیں بیٹھ رہی ہیں بارشوں کی وجہ سے انڈرپاس سوئمنگ پول کا منظر پیش کرنے لگا کوئی محکمہ ذمہ داری لینے پر تیار نہیں پھاٹک بند ہونے سے ریلوے روڈ پر گھنٹوں ٹریفک بلاک ہونے لگی تفصیلات کے مطابق موسم برسات میں بارشوں کی وجہ سے ریلوے کے مین ٹریک کے نیچے بننے والے گوجرخان ریلوے انڈر پاس میں گزشتہ دس روز سے بارش کا پانی کھڑا ہے تقریبا ً روزانہ بارش ہونے سے پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے جس کی وجہ سے انڈر پاس ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند ہے جبکہ ٹرینوں کی آمد پر پھاٹک بند ہونے سے گرمی اور حبس میں شہریوں کو طویل انتظار کرنا پڑتا ہے بلدیہ، ریلوے اور محکمہ شاہرات پنجاب سمیت کوئی بھی ادارہ پانی کی نکاسی کے حوالے سے کردار ادا نہیں کر رہا عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انہیں بتایا جائے کہ یہ انڈر پاس کس سرکاری محکمہ کے زیر انتظام آتا ہے پانی مسلسل کھڑا ہونے سے ریلوے انڈر پاس کی بنیادوں کو بھی خطرہ لاحق ہوگیا ہے جبکہ پانی میں بچوں بڑوں نے نہانا شروع کر دیا ہے شہریوں نے کہا ہے کہ اس مسئلہ کا فوری حل نکال کر انہیں پھاٹک بند ہونے کی صورت میں اٹھائے جانے والی ذہنی اذیت سے نجات دلائی جائے۔