لاہور (نمائندہ جنگ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کا پشاور ہائیکورٹ کو جوڈیشل کمیشن بنانے کا خط لکھناعدالتی ہتھوڑے کے نیچے چھپنے کی ناکام کوشش ہے، 9مئی کی ناکام بغاوت ملک کیخلاف ایک سازش تھی جسکی درجنوں ویڈیوز، تصویریں اور آڈیوز بطور ثبوت موجود ہیں، بغاوت کے تمام کردار، سہولت کار اور ماسٹر مائنڈ بے نقاب ہوچکے ہیں، فتنہ خود بھی 9 مئی کی بغاوت کا اعتراف کرچکا ہے اور سلمان اکرم راجہ نے اسکی تصدیق بھی کردی ہے۔ خیبر پختونخواہ حکومت کا جوڈیشل کمیشن کیلئے عدالت جانا اپنے جرائم کا اعتراف کرنے کے مترادف ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فتنے جہا ں تک بھاگ سکتے ہو بھاگ لو 9 مئی تمہارا پیچھا کریگا۔ عدالتی کندھے استعمال کرکے کوئی چی گویرا اور نیلسن منڈیلا نہیں بن سکتا۔دریں اثناء صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن 27 جولائی 2017 تھا ۔ جنھوں نے “پانامہ” کا ڈرامہ رچا کر “اقامہ” پر نکالا اور انہوں نے تاحیات نااہل قرار دیدیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ وہ چاہتے تھے “نوازشریف” کو اسکی عوام سے دور کردیں۔ شاید وہ بھول گئے تھے کہ انکی ہزار اسٹریٹجیز کے آگے ایک اسٹریٹجی تو میرے رب کی بھی ہے۔ الحمداللہ میرا “قائد” واپس بھی آیا نااہلی بھی ختم ہوئی عوام نے مینڈیٹ بھی دیا۔ تمام سازشوں کے باوجود آج پاکستان میں اور پاکستان کے سب سے بڑے ’’صوبہ پنجاب‘‘ میں اسی ’’نوازشریف‘‘ کی حکومت ہے۔