یوم استحصال کشمیر (5 اگست) کی مناسبت سے برسلز میں پاکستانی سفارتخانے نے ایک ہفتہ طویل تصویری نمائش کا اہتمام کیا، جس میں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں کی حالت زار کو اجاگر کیا گیا ہے۔
یہ تصویری نمائش جہاں مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی جدوجہد اور ان کو درپیش مشکلات کی ایک بصری داستان سناتی ہے وہیں یہ نمائش انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں انصاف اور امن کو یقینی بنانے کےلیے بین الاقوامی مداخلت کی فوری ضرورت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
اس موقع پر اپنے افتتاحی خطاب میں یورپین یونین، بیلجیئم اورلکسمبرگ میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جائز جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ نمائش کشمیری عوام کی حالت زار کو بین الاقوامی دنیا کے سامنے لانے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی ناانصافیوں کو تسلیم کرے اور ان پر کارروائی کرے۔
سفارت خانے کے ذرائع کے مطابق نمائش عوام کیلئے ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن فراز زیدی سمیت سفارت خانے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔