فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس معاملات میں گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ ارشد ندیم سے بھرپور تعاون کرنے کا اعلان کردیا۔
ترجمان ایف بی آر بختیار محمد نے کہا ہے کہ ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں، ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ انکم ٹیکس قوانین میں اولمپک کھیلوں میں حاصل انعامی رقم پر ٹیکس کا ذکر نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا، قومی ایتھلیٹ کو ملنے والی انعامی رقم پر انکم ٹیکس یا ودہولڈنگ ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوتا۔
اس سے قبل یہ اطلاعات آئی تھیں کہ پیرس اولمپکس میں ملک کےلیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم سے انعامی رقم پر 20 فیصد ٹیکس لگے گا۔
ذرائع کے مطابق ارشد ندیم کےلیے اب تک اعلان کردہ رقم کا حجم 30 کروڑ ہے، یوں کھلاڑی کی انعامی رقم پر 6 کروڑ روپے ٹیکس بنتا ہے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق ارشد ندیم واپڈا میں گریڈ 18 کے ملازم اور انکم ٹیکس فائلر ہیں، انکم ٹیکس ایکٹ سیکشن 156 کے تحت 20 فیصد ٹیکس لگتا ہے۔
کرکٹرز سمیت تمام کھلاڑیوں کی انعامی رقم پر 20 فیصد کٹوتی ہوتی ہے، ایف بی آر ارشد ندیم کی انعامی رقم پر ٹیکس معاف کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، انعامی رقم پر معافی یا رعایت کا اختیار وفاقی کابینہ کو ہے۔