اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے ارشد ندیم کا طیارہ کچھ دیر بعد لاہور میں لینڈ کرے گا۔پرواز ٹی کے 714 رات ایک بجکر 18 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پر لینڈ کرےگی۔ارشد ندیم پیرس سے ترکیے کے راستے لاہور پہنچيں گے، قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے لوگ بے قرار ہیں۔وفاقی وزیراحسن اقبال،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کا استقبال کریں گے۔اس کے علاوہ ارشد ندیم کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب اور دوست بھی ان کا استقبال کریں گے۔دوسری جانب پاکستان ایتھلیٹک فیڈریشن کے صدر وجاہت حسین استقبال کے لیے پہنچ گئے۔واضح رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا۔ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔