قومی ہیرو ارشد ندیم پر اعزازات کی برسات جاری ہے، پیرس اولمپکس کے فاتح کو پنجاب ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں گارڈ آف آنر دیا گیا۔
وزیر صحت نے میاں چنوں میں ریسکیو سینٹر ارشد ندیم سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا جبکہ ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر نے انھیں برانڈ ایمبیسڈر قرار دے دیا۔
ریسکیو ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں 44 ویں ریسکیورز بیج کی پاسنگ آؤٹ ہوئی، سندھ کے 438 ریسکیو ورکرز نے تربیت مکمل کر لی۔
تقریب کے مہمان خصوصی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور اولمپین ارشد ندیم تھے، مہمانوں نے پریڈ کا معائنہ کیا، اور بہتر کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات دیے۔
ریسکیو ورکرز نے گہرے پانی میں ڈوبنے والوں کو بچانے، آگ پر قابو پانے اور چیئرلفٹ میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کا مظاہرہ کیا، انہوں نے ملبے تلے دبے افراد کو بحفاظت نکالنے کی مہارت بھی دکھائی۔
اولمپئن ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ان کی فٹنس کا معیار بھی ریسکیو ٹریننگ جیسا ہے، انشاء اللّٰہ مستقبل میں بھی ریکارڈ بریک کروں گا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی کامیابی اُن کی محنت کا ثمر ہے۔
تربیت مکمل کرنے والے ریسکیو ورکرز کا کہنا تھا کہ خدمت کا یہ ہنر اپنے آس پاس رہنے والوں کو بھی سکھائیں گے۔