پاکستانی معروف اداکار عفان وحید نے فنکاروں پر بڑھتی عمر کے اثرات دیکھ کر یا سرجری کرنے کے باعث فنکاروں کو تنقید کا نشانہ بنانے والے سوشل میڈیا صارفین کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ان دنوں عفان وحید اپنے ڈیبیو فلم ’مستانی‘ کی پرموشن میں مصروف ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے اپنی فلم کی تشہیر کے لیے ساتھی اداکارہ آمنہ الیاس کے ہمراہ نجی فیشن میگزین کی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی۔
دورانِ انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر انسان نے بوڑھا ہونا ہوتا ہے، ہر کوئی سدا بہار جوان نہیں رہتا اور پھر جب کوئی خوبصورتی بڑھانے کے لیے کچھ کرواتا ہے تو کہا جاتا ہے کہ فلاں اپنی جلد سے خوش نہیں ہے، فلاں نے پلاسٹک سرجری کرا لی۔
اداکار نے کہا کہ میری فطرت حساس ہے، میں سوشل میڈیا پر خود پر ہونے والی تنقید یا ٹرولنگ دیکھ کر پریشان ہوتا اور ڈپریشن میں چلا جاتا ہوں، اس لیے کوشش کرتا ہوں کہ سوشل میڈیا پر زیادہ توجہ نہیں دوں، یہی وجہ ہے کہ اکثر اپنے کمنٹس سیکشن کو بند کر دیتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی بھی فنکار اپنی اخلاقی حدود میں رہتے ہوئے کچھ کرنا چاہتا ہے تو اسے معاشرے کی پرواہ نہیں کرنی چاہیے جو دل میں آئے وہ کریں بس اخلاقی حدود کا خیال رکیں۔