پاکستان تحریکِ انصاف نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے عزیر بھنڈاری ایڈووکیٹ نے متفرق درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست مسترد کی جائے، الیکشن کمیشن کو آزاد ارکان کے وابستگی سرٹیفکیٹ منظور کرنے کا حکم دیا جائے، الیکشن کمیشن کو 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر عمل کا حکم دیا جائے۔
عزیر بھنڈاری ایڈووکیٹ نے درخواست میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے 12جولائی کے فیصلے پر وضاحت کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا درست نہیں، اسے فیصلے پر عمل درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے، الیکشن کمیشن کی درخواست عدالتی فیصلے پر عمل درآمد میں تاخیر کی کوشش ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے متفرق درخواست نیک نیتی سے دائر نہیں کی، الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں میں رکاوٹ پیدا کر رہا ہے، تحریک انصاف کا آئین و قانون کے مطابق بنیادی ڈھانچہ موجود ہے، تحریک انصاف نے 3 مارچ کو انٹرا پارٹی الیکشن کرایا، انٹرا پارٹی الیکشن کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب بالترتیب چیئرمین اور جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے، ارکان کی پارٹی وابستگی کو چیئرمین اور سیکریٹری نے دستخط سے منظوری دی، الیکشن کمیشن پابند ہے کہ پارٹی وابستگی کے سرٹیفیکیٹس پر کارروائی مکمل کرے۔