فرانس میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں نے موسیٰ خیل واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بیمار ذہن اور سفاکیت کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کے مقامی لوگ سوال کرتے ہیں کہ پاکستان میں انسانی زندگی اتنی سستی ہوگئی ہے۔
یورپی ممالک میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی روز بروز بڑھتی جارہی ہے، حکمران صرف اور صرف اپنے اقتدار کو مضبوط کرنے اور سیاسی حریفوں سمیت قومی اداروں کو زیر کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
اس سلسلہ میں اووسیز پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ملک میں سیاسی استحکام پیدا کرنے کی ضرورت ہے، ملک دشمن عناصر ڈیجیٹل دہشت گردی کے ذریعے ہماری عسکری قیادت کو ٹارگٹ کرنے میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض ذمہ داران ان کی کھلے عام سہولت کاری میں مصروف ہیں، یا تو انہیں یہ احساس نہیں کہ وہ جن لوگوں کی سرپرستی کر رہے وہ کھلے عام ڈیجیٹل دہشت گردی میں ملوث ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فرانس میں اکثر محب وطن ان عناصر کی نشاندہی کر چکے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں۔
اوورسیز پاکستانیوں کا مزید کہنا ہے پاکستانیوں کی اکثریت محب وطن ہے، مٹھی بھر عناصر دشمن کے ہاتھوں میں کھلونا بنے ہوئے ہیں۔ دہشت گردی روکنی ہے تو اپنی صفوں میں موجود دشمنوں کو پہچاننا ہوگا۔