مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا نے سابق صوبائی وزیر شکیل خان کے کرپشن الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
پشاور سے جاری بیان میں ن لیگ کے صوبائی ترجمان اختیار ولی نے کہا کہ سابق وزیر شکیل خان کے کرپشن کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شکیل خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر کرپشن کے الزامات لگائے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کی تحقیقات کےلیے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سو موٹو ایکشن لیں۔
ن لیگ خیبر پختونخوا کے ترجمان نے مزید کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کے ججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن مقرر کیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ الزام لگایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں وزراء پیسے دے کر وزیر بن کر بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے شکیل خان پر کرپشن کے درجنوں الزامات لگا دیے۔
اختیار ولی نے یہ بھی کہا کہ پوچھنا تو یہ ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے شکیل خان کو برطرف کردیا لیکن وہ خود ابھی تک کیسے کرسی پر بیٹھے ہیں؟