گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے موسیٰ خیل میں مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کرنے کے واقعے پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بیمار ذہن اور سفاکیت کی علامت ہے۔
کامران ٹیسوری نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے رابطہ کر کے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بے رحم دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، گورنر بلوچستان نے بتایا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
گورنر سندھ کے مطابق گورنر بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، دہشت گر دی کے خلاف جنگ میں شہریوں اور فورسز کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہں نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملک کی سلامتی، امن و امان کے لیے دعاگو ہوتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ ملک میں جلد امن اور خوش حالی آئے اور دہشت گردوں سے ملک کو نجات ملے۔