پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما علی محمد خان نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوائنٹ سیشن بلا کر بلدیاتی الیکشن ملتوی کرانا چاہتے ہیں لیکن ہم غیر آئینی عمل کو روکیں گے۔
رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے 22 اگست کو انا کے بجائے ملک کی سلامتی کے لیے جلسہ ملتوی کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ لاکھوں لوگ نکل چکے تھے لیکن بانیٔ پی ٹی آئی نے ملک کی خاطر جلسہ ملتوی کیا، اب 8 ستمبر کو اسلام آباد میں ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنا ہے۔
علی محمد خان نے کہا کہ کیا آپ شاہ محمود قریشی اور بلاول بھٹو کا مقابلہ کر سکتے ہیں؟ کیا آپ بانیٔ پی ٹی آئی کا مقابلہ شہباز شریف سے کر سکتے ہیں؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو 1 سال سے ناجائز کیسز میں جیل میں رکھا گیا ہے، 2 سال سے تو ہماری حکومت نہیں پھر معیشت کا کیا حال ہے، ملک کی معیشت تباہ کر دی گئی۔