وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ناحق لوگوں کا خون بہانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، کیا بلوچستان میں دوسرے پاکستانیوں کے کوئی حقوق نہیں ہیں؟
پارلیمنٹ ہاؤس میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک واقعہ ہے، بلوچستان میں پہلے بھی دوسرے صوبوں سے جا کر کام کرنے والوں کو شہید کیا جاتا تھا، غریب لوگ روزی کی تلاش میں وہاں پر جاتے ہیں، یہ بلوچ علیحدگی پسند تنظیموں کی کارروائیاں ہیں، ان واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس کا لازمی ری ایکشن ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایک وقت تھا پنجاب، سندھ اور دیگر صوبوں سے لوگ وہاں جا کر ملازمت کرتے تھے، اسلام آباد میں آ کر لاپتہ افراد کے نام پر دھرنے دیے جاتے ہیں، کسی کو توفیق نہیں ہوتی کہ یہ جو خون بہایا جا رہا ہے اس کی بھی مذمت کریں، وہاں پر بے گناہ لوگوں کو بسوں سے اتار کر مارا جا رہا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کوئی بھی تحریک ڈبل اسٹینڈرڈ سے کامیاب نہیں ہوتی، ناحق خون آپ سڑکوں پر بہا رہے ہیں، لاپتا افراد میں کوئی دبئی بیٹھا ہے کوئی دوسرے ملکوں میں بیٹھے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پنجاب میں سارے صوبوں کے لوگ ملازمت کرتے ہیں، پنجاب نے اپنا دامن کھلا رکھا ہے، پنجاب کی سر زمین سارے پاکستانیوں کی ملکیت ہے، پاک سر زمین پر سب کے ایک جیسے حقوق ہیں۔