وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری غیر منصفانہ سلیب سسٹم کے طویل سوال پر غصے میں آگئے۔ صحافی سے کہا کہ سوال کریں تقریر نہیں کریں یا پھر ڈائس پر آجائیں، کمپنی سے کہوں گا آپ سے پوچھ کر سلیب بنائیں۔
ملتان میں میپکو ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ کمپنیوں کو اختیار ہوگا کہ چاہے کسی کو رکھیں یا نکالیں، ہمیں رزلٹ چاہیے۔
اویس لغاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں میں تبدیلی حکومت اور آئی پی پیز کے اتفاق سے ہی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیپیسٹی پیمنٹ آئی پی پیز لگاتے وقت لیے گئے قرض، سود اور ریٹرن آن ایکویٹی کو کہتے ہیں، بجلی کی چوری اسٹیٹ اور عوام کیلئے برداشت کے قابل نہیں ہے، بجلی چوری ختم کرنے پر کمپنیوں کو فری ہینڈ دیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میپکو ریجن میں 15.6 فیصد بجلی چوری ہو رہی ہے، اسے ختم کرنا ہدف ہے، ہم نئے بورڈز کے ذریعے کمپنی میں صارف کو بہتر عزت دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ عام آدمی بھی ہمارے سسٹم میں کسی کام کےلیے کال کرے گا تو جلد رسپانس ملے گا، صارفین کو پری پیڈ میٹرز مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔