اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ انہوں نے مشہور فلم رام لیلا کے آئٹم نمبر کی پیشکش ٹھکراتے ہوئے کہا تھا کہ چاہے بھنسالی بلائیں یا کوئی اور میں آئٹم نمبرز نہیں کر سکتی۔
کنگنا اس وقت اپنی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، اس سلسلے میں وہ انٹرویوز دینے اور پروگرامز میں شرکت کرکے اپنی فلم کی پروموشن کر رہی ہیں۔
ایک تازہ انٹرویو کے دوران کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلم رام لیلا کیلئے آئٹم نمبر کی پیشکش ٹھکرادی تھی۔
واضح رہے کہ اس گانے میں نامور اداکارہ پریانکا چوپڑا نے پرفارم کیا جسے پرستاروں نے بھی خوب پسند کیا۔
کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ مجھے سنجے لیلا بھنسالی نے ’رام لیلا‘ میں آئٹم نمبر کے لیے بلایا تھا۔ سب نے کہا کہ میں پاگل ہوں جو بھنسالی کو انکار کر رہی ہوں۔ میں نے کہا کہ ’’میں یہ نہیں کر سکتی۔‘‘
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ ’’چاہے بھنسالی بلائیں یا کوئی اور، میں آئٹم نمبرز نہیں کر سکتی۔ فنکاروں کو ایسی دیانتداری دکھانی چاہیے۔ عورتوں کو آپ کیسے پیش کرتے ہیں؟‘‘