کلرسیداں+کہوٹہ+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ اکرام الحق قریشی+نامہ نگار) مسافر کوسٹر دریائے جہلم کے کنارے آزاد پتن میں تیز رفتاری کے باعث کھائی میں گر گئی۔ مسافر گاڑی میں سوار تمام 24 افراد جاں بحق ہو گئے اور کوئی بھی مسافر زندہ نہ بچا۔ کوسٹر ڈرائیور آفاق احمد سمیت کلرسیداں کے معروف مدرس ملک عبدالحمید، ان کے جواں سال بیٹے محمد عمران بھی جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق راولپنڈی اور کہوٹہ سے تھا۔ راولپنڈی کے خالد محمود مغل اور ان کے دو بیٹے عمر فاروق اور معین حیدر بھی جاں بحق ہو گئے۔ ایبٹ آباد کے جمشید اور ان کی اہلیہ نذراں بی بی بھی حادثے میں لقمہ اجل بننے والوں میں شامل ہیں۔ پلندری کی صغریٰ بی بی زوجہ انضمام اپنے بیٹے وہاج کے ہمراہ جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدنصیب کوسٹر گزشتہ روز پلندری سے راولپنڈی کے لئے روانہ ہوئی تھی جس میں ڈرائیور سمیت کل 24 افراد سوار تھے۔ دریائے جہلم عبور کرنے کے بعد یہ دریائے جہلم غربی کنارے پر چل رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور آفاق احمد اسے کنٹرول نہ کرسکا اور بس کھائی میں جا گری۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ بس کی باڈی اور اس کے ٹائروں کے حصے الگ الگ ہو گئے اور گاڑی میں سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں کی تفصیل درج ذیل ہے۔ عبید ولد منیر پٹھلی کہوٹہ، علی اصغر ولد محمد صادق نکیال ضلع کوٹلی، عمران بی بی زوجہ محمد اقبال سمبلاہ کہوٹہ، کامران سکنہ سمبلاہ کہوٹہ، روزی زوجہ عنصر گلہ کہوٹہ، سعید دپری کہوٹہ، جواد پلندری، گل راولپنڈی، صغری زوجہ انضمام سکنہ پلندری، وہاج ولد انضمام سکنہ پلندری، ظفر ولد گلزار پلندری، ڈرائیور آفاق احمد سکنہ کوٹلی ستیاں، کلر سیداں کے معلم ملک عبدالحمید اور ان کا جواں سال بیٹا محمد وسیم، جمشید ولد علی اصغر، نذراں بی بی زوجہ جمشید، جنید ولد صفدر ساکنان ایبٹ آباد، الیاس قریشی ولد غلام نبی قریشی، خالد محمود مغل ولد آغا عبدالرشید، عمر فاروق اور معین حیدر عمر 19 برس پسران خالد محمود مغل، عبدالوہاب ولد عبدالرزاق، محمد ریاض ولد میرداد ساکنان راولپنڈی۔ بس حادثے میں کلرسیداں کہوٹہ کے 27 اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ مکران کوسٹل ہائی وے بزی لک کے مقام پر ایران جانے والے زائرین کی بس کھائی میں گرنے سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ایدھی ذرائع کے مطابق حادثے میں 35 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بزی لک کے مقام پر بریک فیل ہونے کے باعث کھائی میں جا گری۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمیوں کو بس سے نکالا۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق لاہور اور گوجرانوالا سے بتایا جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے زخمی ہونے والے افراد کے فوری اور بہتر علاج معالجے کی ہدایت جاری کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہوٹہ مسافر بس اور مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔حادثے میں جاں بحق اور زخمی 13 افراد کا تعلق گوجرانوالہ کے علاقوں عفان جی ٹائون اور شادمان ٹائون سے تھا، اس افسوسناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں 26 سالہ ذیشان، 28 سالہ شفیق، 29 سالہ عباس اور 45 سالہ طاہر شامل ہیں جبکہ شہریار، اعظم، رضا شاہ، اسد ، جمیل، حیدر، علی، عدنان اور محمد نبیل زخمی ہوئے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مکران کوسٹل ہائی وے پر بس حادثے میں 12 زائرین اور راولا کوٹ کے قریب بس کھائی میں گرنے سے 29 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔