محکمہ موسمیات نے کراچی میں رات 11 بجے تک کے بارش کے ریکارڈ جاری کردیے، سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 42 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ناظم آباد میں26، سرجانی ٹاؤن میں 25.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
صدر میں 13 اور پی اے ایف فیصل بیس میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں طاقتور مون سون سسٹم کے زیر اثر بارشوں کا سلسلہ 27 سے 31 اگست تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل قائم کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آج شام کے بعد گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں اور موسلادھار بارش بھی ہوئی ہے۔
میٹرولوجسٹ سرفراز احمد نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا تھا کہ کراچی میں 150 تا 200 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے، 28 سے 30 اگست کے دوران ہونے والی بارش سے شہر میں اربن فلڈ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر تمام بلدیاتی اداروں، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کو کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری ایکشن کےلیے تیار رہنے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب حیدرآباد، ٹھٹہ، مٹیاری، بدین، تھرپارکر، سانگھڑ، نواب شاہ، میرپور خاص سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔
ہالہ، نیو سعیدآباد، بھٹ شاہ میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بارش کا پانی گھروں دکانوں میں داخل ہوگیا، بارش اور آندھی سے درخت اور بجلی کے پول بھی گرگئے۔