وفاقی وزیر توانائی پاور ڈویژن اویس لغاری نے بجلی چوری اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل درآمد کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
انہوں نے یہ احکامات اسلام آباد میں آئیسکو ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر جاری کئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ استعمال شدہ بجلی یونٹس کی 100 فیصد ریکوری یقینی بنائی جائے جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے گھریلو صارفین کو دیا جانے والا ریلیف فوری فراہم کیا جائے۔
وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ ایڈوانس ٹیکنالوجی کے استعمال سے بجلی چوری میں کمی اور معیاری سروس ممکن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے تمام اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے حکم دیا کہ لائن لاسز میں کمی اور واجبات وصولی کے لیے اسپیشل ٹیمیں بنائی جائیں۔