کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی کی خواہش پر نہیں، کرکٹ کو ٹھیک کرکے جاؤں گا۔ ہم کرکٹ میں تین سالوں میں بری کارکردگی دکھارہے ہیں۔ مجھے پانچ سات ماہ ہوئے ہیں۔ اگرٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں تو اسے فکس کر کے جاؤں گا۔ جادو کی چھڑی نہیں کہ کہوں کہ اگلا میچ جیتیں گے، میں فکس ضرور کروں گا۔ پنڈی ٹیسٹ میں شرم ناک شکست کے 24گھنٹے بعد پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش سے ٹیسٹ میچ میں شکست ہوئی ہمیں اسے تسلیم کرنا چاہیے، ہماری کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، پچ سے متعلق رپورٹ مانگی ہے وہ بھی کل یا پرسوں تک آجائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ سرجری کی باتیں کرتے ہیں تاکہ چیزوں کودرست کیا جائے لیکن سرجری کے لیے مناسب ٹولز بھی ہونے چاہئیں، پیچھے دیکھتے ہیں تو کافی گڑ بڑ نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز کپ کے ذریعے ہمارے سامنے ٹیلنٹ آجائے گا اور ٹیم کے لیے بہترین انتخاب کریں گے۔ہمارے پاس بیک اپ پلیئرز آجائیں جو پرفارم کرے گا وہ میرٹ پر اوپر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ میچ ایک ہفتہ تاخیرکا شکار ہونا کیا یوٹرن ہوتا ہے؟ کراچی میچ کا فیصلہ میں نے نہیں کیا تھا پہلے سے ہوا تھا، میں نے کراچی میچ کا فیصلہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ چاہتے کہ چار پانچ کے گلے کاٹ دوں ایسا نہیں ہوتا۔ پہلے کھلاڑیوں کا پول بننے دیں بیک اپ ہو گا تو پھر سرجری بھی ہو گی۔ سب دیکھیں گے کہ جب ہمارا کام مکمل ہو جائے گا۔ چیمپئنز کپ ستمبر کے آخر میں مکمل ہو گا تو پرفارمنس والے آگے آ جائیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ بنگلہ دیش سے ہارنا بہت مایوس کن ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے 17 کھلاڑی دیئے کھلانا کوچ اور کپتان کا فیصلہ ہو گا۔ امپائرنگ کےکچھ فیصلوں پر انگلی اٹھائی گئی ہے، شکست پر افسوس ہوا ہے۔ چیمپئنز کپ ایک ہفتے آگے لےجانا یو ٹرن نہیں ہے۔
کسی کی خواہش پر نہیں کرکٹ ٹھیک کرکے جاؤں گا، جادو کی چھڑی نہیں کہ معاملات فوری درست کردوں، محسن نقوی
Previous Articleمختصر دورانیے کے ڈرامہ بنانے والی ایپ متعارف
Next Article کراچی میں سب سے زیادہ بارش کہاں ہوئی؟