مرکزی تنظیم تاجران اسلام آباد کے صدر کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ جو بھی جماعت مہنگی بجلی کے خلاف ہڑتال کرے گی، اُس کا ساتھ دیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کاشف چوہدری نے کہا کہ خیبر سے کراچی تک مسائل حل ہونے تک مزاحمتی تحریک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ تاجر معیشت کے تحفظ کےلیے متحد ہیں، کل پورا پاکستان بند رہے گا۔ مہنگی گیس، بجلی اور آئی پی پیز کے معاہدوں کے خلاف ہڑتال ہوگی۔
مرکزی تنظیم تاجران کے صدر نے مزید کہا کہ تاجر دوست اسکیم ہمیں کسی صورت قبول نہیں، بجلی کے بلوں پر عائد زائد ٹیکسز کو واپس لیا جائے۔
اُن کا کہنا کہ ہم نے معاملات سلجھانے کا بہت موقع دیا ہے، ہم حکومت کے ساتھ کوئی معاملات کوئی ڈائیلاگ نہیں کریں گے۔
کاشف چوہدری نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو کل شام تک کا الٹی میٹم دیتے ہیں، تاجر دوست اسکیم کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی جماعت مہنگی بجلی کیخلاف ہڑتال کرے گی اس کا ساتھ دیں گے، اگر مطالبات نہ مانے تو پاکستان کو غیرمعینہ مدت کیلئے بند کریں گے۔