پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ میرے خلاف وہ لوگ ہیں جو پارٹی میں اختلافات دیکھنا چاہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار سینیٹر علی ظفر نے سب تک نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
جب سینیٹر علی ظفر سے سوال کیا گیا کہ آپکے خلاف صرف سیف اللّٰہ ابڑو ہی ہیں یا کوئی اور بھی ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ میرے خلاف کون ہے، اس میں سے ایک کو تو میں پوائنٹ آؤٹ کردوں گا۔ ایک تو پی ٹی آئی کے وہ دشمن ہیں جو اختلافات دیکھنا چاہتے ہیں۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا دوسرا یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ہمارے اندر بھی منافقین ہوں۔ وہ کون ہے؟ اللّٰہ ان کو بہتر جانتا ہے۔ میں ان کےلیے ہدایت کی دعا کرتا ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ ’ابڑو صاحب اچھے سینیٹر ہیں، انہیں شاید میرے بارے میں غلط فہمی ہے۔ کوئی غلط فہمی ہوئی اس لیے ابڑو صاحب نے میرے خلاف بات کردی ہوگی۔‘
سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ پارٹی میں اگر لیڈر شپ کے خلاف بات کرتے ہیں تو اختلاف کا تاثر جاتا ہے، مجھے ان باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔