اسلام آباد (آن لائن) پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی کے 2لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کیس میں اٹارنی جنرل نے عدالت سے 2سے 3روز کا وقت مانگ لیا، اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ 2سے 3 دن مزید دیدیں بہتر خبر آئیگی،کچھ اور وقت چاہئے ہوگا حکومت اپنا کام کررہی ہے، لاپتہ شہریوں کامعاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھا گیا ہے امید ہے کہ مثبت خبر آئیگی۔جبکہ عدالت نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ ملازم فیضان کے واپس آجانے پر بازیابی درخواست نمٹا دی، عدالت نے نعیم احمد یاسین کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت بھی جمعہ تک ملتوی کردی۔ منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں اظہر مشوانی کے 2 لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت بابر اعوان نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں ایک رپورٹ جمع کرائی تھی، اٹارنی جنرل جیسے آج کہہ رہے ہیں ویسے پہلے بھی کہہ چکے ہیں۔