کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے ہاکس بے میں ڈی ایچ اے کو 6ہزار ایکڑ زمین کی مجوزہ الاٹمنٹ سے متعلق11ستمبر تک ریگولرائزیشن پالیسی طلب کرتے ہوئے سندھ حکومت کو ایک بار پھر ہدایت کی ہے کہ مذکورہ اراضی پر قائم تین دیہاتوں کے مکینوں کو آئندہ سماعت تک بے دخل نہ کیا جائے اور آئی جی سندھ کو بھی پابند کیا ہے کہ گاؤں کے لوگوں کو ہراساں نہ کیا جائے، عدالت فریقن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 11ستمبر تک ملتوی کردی۔ جسٹس صلاح الدین پہنور نے سندھ حکومت دیہاتوں کو ریگولرائز کرنے کی پالیسی بھی طلب کر لی ہے۔ جسٹس صلاح الدین پنہور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو کراچی کے علاقے ہاکس بے میں ڈی ایچ اے کو 6 ہزار ایکڑ زمین دینے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستیں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے توسط سے دائر کی گئیں۔ عدالت نے وکلا سے استفسار کیا کہ یہ زمین کس کی ہے آپکے پاس حق ملکیت کے کیا ثبوت ہیں۔ متاثرین کے وکلا نے دلائل میں کہا کہ اس زمین پر لوگ برطانیہ کے دور حکومت سے آباد ہیں۔ 3 گاؤں جن میں دیہہ مندیاری، دیہہ اللہ بخش اور دیہہ چھتارا شامل ہیں یہاں سے لوگوں کو بے دخل کر کے زمین ڈی ایچ اے کو الاٹ کی جارہی ہے۔