وزیرِ اعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ ہم تاجروں کے پریشر میں نہیں آئیں گے۔
’ سب تک نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا احسان افضل نے کہا کہ اگر آپ کو لگتا ہے ہم غلط کر رہے ہیں تو دوبارہ بیٹھ سکتے ہیں۔
رانا احسان افضل کا کہنا ہے کہ ہم مذاکرات سے نہیں بھاگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے ایف بی آر کی تنظیم نو کرنی ہے، ریٹیل سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہو گا۔
واضح رہے کہ بجلی کے بھاری بھرکم بلوں اور ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف تاجر تنظیموں نے آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے احتجاج کے پیشِ نظر ریڈ زون کی طرف جانے والے راستوں کو کنٹینر رکھ کر بند کر دیا ہے۔
ادھر ملک کے سب سے بڑے شہر، معاشی حب کراچی کی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے کہا ہے کہ کراچی سے خیبر تک تمام تاجر تنظیمیں ہڑتال میں شامل ہیں۔