پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف جو آج احتجاج ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی مہنگائی کے خلاف آج کے احتجاج کا حصہ ہے۔
عالیہ حمزہ نے انسداد دہششت گردی فیصل آباد کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ تمام جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا، تمام جھوٹے مقدمات میں ضمانت ہو چکی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے، مینڈیٹ عوام کےحوالے کریں، میرے لیڈر نے اگر ڈیل کرنی ہوتی تو سال سے جیل میں نہ بیٹھا ہوتا، جیل میں بشریٰ بی بی کے کمرے میں چوہے چھوڑے گئے، کہا گیا ان سے کھیلا کریں۔
عالیہ حمزہ کا کہنا ہے کہ کچے کے ڈاکو یہ اس لیےکر رہے ہیں کیونکہ پکے کے ڈاکو ہم پر سوار ہیں، کچے کے ڈاکوؤں سے زیادہ خطرناک یہ پکے کے ڈاکو ہیں۔
9 مئی کے مقدمات میں عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور
عالیہ حمزہ آج دوبارہ انسداد دہشت گردی کی فیصل آباد عدالت میں پیش ہوئیں۔
انسداد دہششت گردی فیصل آباد کی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے فیصل آباد کے 4 تھانوں میں عالیہ حمزہ کے خلاف درج 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت منظور کی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 26 اگست کو پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ 9 مئی کے مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئیں۔
جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث عالیہ حمزہ کی ضمانت میں 28 اگست تک توسیع کر دی گئی تھی۔