اسرائیلی وزیرِ خارجہ کاٹر نے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے بڑا حملے کو دہشت گردی کے خلاف آپریشن قرار دے دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیرِ خارجہ کاٹر نے شمالی مغربی کنارے سے فلسطینیوں کے عارضی انخلا پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے عارضی انخلا سمیت ہر ضروری اقدام کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہر لحا ظ سے ایک جنگ ہے، اسرائیلی فوج جنین، طولکرم اور دیگر علاقوں میں ایرانی حمایت یافتہ نیٹ ورک ختم کر رہی ہے۔
اسرائیلی وزیرخارجہ نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایران مغربی کنارے میں اسرائیل کے خلاف محاذ قائم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایران مغربی کنارے میں فنڈنگ اور اردن سے جدید ہتھیاروں کی اسمگلنگ کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ مظلوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت جاری ہے، مغربی کنارے کے شہروں پر اسرائیلی فوج نے بڑا حملہ کیا ہے۔
مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں اسرائیلی فورسز کے آپریشن میں 10 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔