لاہور(ایجنسیاں) جماعت اسلامی اور مختلف تاجر تنظیموں کی جانب سے تاجر دوست اسکیم‘ بجٹ میں عائد ٹیکسز ، ایس آر اوز کے اجراء اور بجلی کے مہنگے بلوں کے خلاف آج ( بدھ) کے روز ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی‘امیر جے یوآئی مولانا فضل الرحمان اورعوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے بھی ہڑتال کی حمایت کردی‘ایمل ولی کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کی مشکلات سے بے خبر ہے جبکہ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ مہنگائی اور ناجائز ٹیکس نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ اور پنجاب رٹیلرز پولٹری ایسوسی ایشن نے ہڑتال سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا ،جماعت اسلامی اور تاجروں کی جانب سے ملک کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی کئے جائیں گے‘صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری اورصدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں تاجروں کے لئے کاروبار کرنا مشکل بنا دیا گیا ہے۔