کراچی میں گھر میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔کراچی کے علاقے اختر کالونی گلی نمبر 10 کے گھر میں سلنڈر دھماکا ہوا. جس کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی. ابتدائی معلومات کے مطابق سلنڈر دھماکہ ہے .تاہم واقعے کی مزید جانچ بھی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ شہر قائد میں ایس ایس جی سی کی طرف سے گیس کی بندش کا سلسلہ جاری ہے، کراچی کے کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے علاوہ بیشتر علاقے گیس سے بالکل محروم ہیں۔گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہری سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں .جس کی وجہ سے اکثر حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
یاد رہے گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے گھر کی دیوار گرگئی تھی. جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
خیال رہے حیدرآباد میں سلنڈر دھماکے میں27 افراد کی ہلاکت کے واقعے کے بعد سندھ حکومت نے بڑا فیصلہ کیا تھا۔حکومت نے سندھ بھر میں ڈپٹی کمشنرز کو غیرقانونی ایل این جی اور ایل پی جی دکانوں کیخلاف ایکشن کا حکم دیا تھا۔