سندھ ہائیکورٹ میں ایکس اور انٹرنیٹ کی بندش کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
عدالت میں درخواست گزار کے وکیل عبد المعیز جعفری اور ایڈووکیٹ جبران ناصر پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل ضیاء مخدوم ایڈووکیٹ و دیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے عدالت میں ایکس کی غیر قانونی بندش کو چیلنج کیا گیا ہے اور توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا ایپ ایکس اور انٹرنیٹ کی بندش کے خلاف سماعت میں وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو مطمئن کرنے کا کہا تھا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود ایکس بند ہے، درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر دلائل دیں گے۔
جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے یہ بتاتے ہوئے سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی کہ ریگولر بینچ ہی اس کیس کو سنے گا۔
خیال رہے کہ 2023ء کے عام انتخابات کے دن انٹر نیٹ کی بندش کے خلاف وکیل جبران ناصر نے درخواست دائر کر رکھی ہے۔