کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس چوکی میں بیوہ خاتون پر تشدد کا انکشاف ہوا ہے،نیلم نامی خاتون نے میڈیا سے مدد کی اپیل کردی ،تفصیلات کے مطابق لاسی گوٹھ کی رہائشی خاتون نیلم نےبتایا ہےکہ میں بیوہ ہوں اور اپنی والدہ کیساتھ رہتی ہوں میں قریب ہی واقع مزار پر فاتحہ کیلئے جاتی ہوں، راستے میں رحیم گوپانگ نامی پولیس والا مجھے چھیڑتا ہے میں نے اس کو دوستی سے منع کیا تو اس نے مجھے گالیاں دیں ، میں درخواست لیکر تھانے گئی تو پولیس نے میری درخواست نہیں لی ،میرے درخواست دینے کی کوشش پر رحیم گوپانگ مشتعل ہوگیا ،پانچ روز قبل مزار پر جارہی تھی رحیم اور زاہد مجھے اٹھا کر لے گئے ،زاہد اور رحیم دونوں پولیس اہلکار ہیں ،لاسی گوٹھ پولیس چوکی میں لیجاکر مجھے تین گھنٹے رکھا۔ اس سلسلے میں موقف جاننے کے لئے ایس ایچ او تھانہ سہراب گوٹھ ولایت شاہ کو انکے نمبر پر متعدد بار فون کیا گیا تاہم انہوں نے کال ریسیو نہیں کی۔