کراچی(اسٹاف رپورٹر)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ملیر میں نئے میڈیکل کالج کے قیام کی منظوری دیدی ہے جس میں تمام داخلے سیلف فنانس کی بنیاد پر دیئے جائیں گے اس بات کی منظوری بدھ کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) کی سنڈیکیٹ کا 30ویں اجلاس میں دی گئی جو وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے فزیوتھراپی (ڈی پی ٹی) اور نرسنگ (بی ایس این) پروگرامز کے گریجویٹ طلباء کے لیے، جو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو وسکیولر ڈیزیزز (این آئی سی وی ڈی)، اور ولیکا ہسپتال میں ہاؤس جاب کریں گے، 25,000 روپے ماہانہ وظیفہ مقرر کیا جائے گا، جو ایک سال کے لیے ہو گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس عادل رشید نے اکاؤنٹس آفیسرز کے لیے تین نئی آسامیوں کی تخلیق پر بات چیت کی، جن میں سے دو کو سلیکشن بورڈ کے ذریعے بھرتی کیا جائے گا۔