اسلام آباد(نمائندہ جنگ/ایجنسیاں )فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ٹیکس اسکیم میں تاجروں کی مرضی کی تبدیلیوں کے لیے تیار ہو گیا۔ دوسری جانب وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹررانا احسان افضل کا کہناہے کہ وفاقی حکومت کسی صورت تاجروں کے دباؤ میں نہیں آئے گی‘رٹیلرزکو ہر صورت ٹیکس نیٹ میں آنا پڑے گا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں،تمام وزراء اور متعلقہ ادارے مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت کو تیز بنانے کیلئے اقدامات کریں‘گزشتہ دور حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی‘پاکستانی معیشت کو ڈیفالٹ سے بچایا‘ معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے‘قومی مفادات کو سیاسی مصلحتوں پر ترجیح دینے کی پالیسی کے مثبت اثرات اب معیشت پر نظر آنے لگے ہیں‘موڈیز کی جانب سے پاکستان کو سی اے اے ٹو ریٹنگ دیئے جانا حکومت کی معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔بدھ کو معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہناتھاکہ معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔ امید ہے کہ معیشت اسی رفتار سے مثبت سمت میں آگے بڑھتی رہے گی۔ دوست ممالک سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار حکومت کی کاروبار و سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات و قیمتی پتھروں اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے۔ان شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری سے نہ صرف ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔