کراچی کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے متعدد درخت گر گئے جن کی زد میں آ کر خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
کراچی میں ہونے والی حالیہ بارش اور گزشتہ روز سے جاری تیز ہواؤں کے سبب شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں جانی تو کہیں مالی نقصانات ہوئے ہیں۔
فیڈرل بی ایریا کے بلاک 16 میں درخت گرنے سے نوجوان سعد جمال جاں بحق ہو گیا۔
گزشتہ روز پیپلز چورنگی کے قریب تیز ہوا کے باعث درخت گر گیا جس کی زد میں آ کر 20 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
اورنگی ٹاؤن قطر اسپتال کے قریب درخت گرا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کورنگی ساڑھے 5 نمبر کے قریب درخت گرنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔
گلشنِ اقبال بیت المکرم مسجد کے قریب درخت گرنے سے 1 خاتون جاں بحق ہو گئی۔
گلستانِ جوہر بلاک 10 اور گلشنِ اقبال بلاک 17 میں بھی تیز ہواؤں کے باعث درخت گر گئے۔
اس کے علاوہ جمشید روڈ، کے ڈی اے سمیت ناظم آباد میں بھی درخت گرنے سے گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
نیو کراچی میں دو منٹ چورنگی کے قریب رہائشی فلیٹ کی چھت کا حصہ گر گیا جس کی وجہ سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔