بھارتی شہر ممبئی میں پولیس افسر نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک شخص کو ٹرین کے نیچے آنے سے بچالیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کے ایک افسر، جو ڈیوٹی پر نہیں تھے، انہوں نے پھرتی دکھاتے ہوئے لوکل ٹرین کے پلیٹ فارم پر گرنے والے شخص کی جان بچالی۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ گورے گاؤں ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا، جب مذکورہ شخص چلتی ہوئی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کر رہا تھا اس دوران پاؤں پھسلنے کی وجہ سے وہ نیچے گر گیا تھا۔ جہاں پولیس افسر کی پھرتی نے اس شخص کو بڑے حادثے سے بچالیا۔
ممبئی پولیس نے واقعے کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص چلتی ہوئی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کرتا ہے لیکن پاؤں پھسلنے کی وجہ سے ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان تنگ جگہ میں پھنس جاتا ہے۔
یہ منظر دیکھ کر پولیس افسر فوراً بھاگ کر اس شخص کو کھینچ کر محفوظ مقام پر لے آتا ہے۔ اس کے بعد پلیٹ فارم پر موجود چند دوسرے لوگ بھی اس شخص کی خیریت معلوم کرنے کےلیے جمع ہو جاتے ہیں۔