وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اخوت کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب کی ملاقات ہوئی۔
وزیراعلیٰ مریم نوازنے ڈاکٹر امجد ثاقب کی سربراہی میں اخوت کی سماجی خدمات کو سراہا، ڈاکٹر امجد ثاقب نےبجلی کے بلوں میں عوامی ریلیف او راپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کو خراج تحسین پیش کیا، مریم نواز نے کہا کہ صوبے بھر میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کے خواب کوپورا کریں گے۔
مریم نوازکا کہنا تھا کہ پنجاب میں لو کا سٹ ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ہو چکاہے، ہر سال دائرہ کار مزید بڑھائیں گے، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا اور سستا رہائشی پر اجیکٹ ہوگا، پروگرام کا بنیادی مقصد مالی طور کمزور طبقوں کو رہائش فراہم کرنا ہے،عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کے لئے حکومتی سبسڈیز دیں گے اور آسان ترین ماہانہ اقساط مقررکریں گے۔
اپنا گھر پروگرام کے تحت پائیدار اور ماحول دوست گھروں کی تعمیر کو فروغ دیا جائے گا، انقلابی ہاؤسنگ پراجیکٹ کے اجراء سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا اور لاکھوں خاندان بہتر زندگی گزار سکیں گے، پروگرام سود کے بغیر قرضوں کی فراہمی کے لئے ملکی تاریخ کاپہلا بڑا پراجیکٹ ہوگا،بے گھر لوگوں کو اپنے گھر کی فراہمی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
پروگرام میں تین پلان کے تحت پراجیکٹ لانچ کیے جارہے ہیں،دیہات میں 10مرلے تک اور شہروں میں پانچ مرلے تک رہائشی پلاٹ کے مالکان 15لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں،سکیم میں تقریباً 14ہزار روپے ماہانہ اقساط میں واپس کرنے ہوں گے، کوئی سود نہیں،بڑے شہروں میں سرکاری زمینوں پر 4منزلہ فلیٹس تعمیر کریں گے،فلیٹ آسان اقساط سے قرعہ اندازی کے ذریعے لوگوں کو مہیا کئے جائیں گے۔
پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں تین سے پانچ مرلے تک گھربنا کر دیئے جائیں گے، پرائیویٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ میں حکومت ہر گھر کے لئے10 لاکھ روپے تک سبسڈی دے گی،پرائیویٹ ہاؤسنگ پرا جیکٹ درخواست دہندہ پانچ سالوں میں باقی اقساط ادا کرکے اپنے گھر کا مالک بن جائے گا،عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے مریم نوازشریف کا جذبہ قابل تحسین ہیں۔
ملاقات میں ڈاکٹر امجد ثاقب چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری ہاؤسنگ اسد اللہ خان،چیف منسٹر کمپلینٹ سیل کے سربراہ شعیب مرزا،سیکرٹری سی ایم آفس دانش افضا ل اور پرسنل سیکرٹری صائمہ فاروق بھی موجود تھیں۔