اسلام آباد(آئی این پی ) 1.8ہزار ارب روپے کے بھاری ٹیکس عائد کرنے کے باوجود حکومت رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، اور ٹیکس وصولیاں ہدف کے مقابلے میں 111 ارب روپے کم رہیں۔
ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکامی نے ایک طرف آئی ایم ایف سے جاری 7 ارب ڈالر کی قرض کی ڈیل پر سوالیہ نشان لگا دئیے ہیں، تو دوسری طرف حکومت کی جانب سے منی بجٹ لائے جانے کے امکانات میں بھی اضافہ کردیا ہے،
ابتدائی نتائج کے مطابق ایف بی آر کو جولائی اور اگست میں 1.554 ہزار ارب روپے کا ٹیکس جمع کرنے کا ہدف دیا گیا تھا، لیکن ایف بی آر صرف 1.441 ہزار ارب روپے ہی جمع کرسکا۔
اس طرح ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں 26 فیصد اضافہ ہوا، تاہم اپنا سالانہ ہدف حاصل کرنے کیلیے ایف بی آر کو ٹیکس وصولیوں میں 40 فیصد اضافہ کرنا ہوگا، اس طرح ایف بی آر کو 14 فیصد خسارے کا سامنا ہے۔