راولپنڈی (رپورٹ : عاصم جاوید) پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب نے غیر ذمہ دارانہ بیان اور صدر پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے خلاف جھوٹے الزام عائد کرنے پر حلقہ پی پی 6، مری /کوٹلی ستیاں کے ٹکٹ ہولڈر زین ضیا کی پارٹی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے ہوئے شو کاز نوٹس جاری کر دیا ہے جبکہ ان کے الزامات کی تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کرتے ہوئے زین ضیا کو تین دن میں ثبوت پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور الزامات کا دفاع کرنے میں ناکامی کی صورت میں پارٹی پالیسی کے مطابق سخت ایکشن کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے سیکرٹری جنرل انصر ہرل کی جانب سے 30اگست کو حلقہ پی پی 6، مری /کوٹلی ستیاں کے ٹکٹ ہولڈر زین ضیا کو شو کاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ زین ضیا نے پارٹی پالیسی اورکوڈ آف کنڈٹ کی خلاف ورزی کی ہے اور متعدد مواقع پر غیر ذمہ دارانہ بیانات دئیے ہیں۔