بھارتی اداکارہ سیما پاہوا پاکستانی ڈراموں کی معترف نکلیں۔
بلاشبہ پاکستانی ڈرامے بھارت میں بے پناہ مقبولیت رکھتے ہیں، اس کے ساتھ ہی بنگلا دیش اور نیپال جیسے پڑوسی ممالک کے ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔
بھارتی اداکارہ سیما پاہوا کا حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی ڈراموں کی خوب تعریفیں کی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں کردار نگاری اور پروڈکشن پر خاص توجہ دی جاتی ہے، معمولی سے معمولی چیزوں کا بہت خیال رکھا جاتا ہے، جس پر پاکستانی ڈرامہ ساز تعریف کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان (پاکستانی ڈراموں) کی کہانیاں شاندار ہیں، وہ جو زبان استعمال کرتے ہیں وہ خوبصورت ہے، تفصیل پر توجہ حیرت انگیز ہے، ان کے ڈراموں کے کردار کے کئی رنگ ہیں جنہیں دیکھ کر میں دنگ رہ گئی ہوں۔
اداکارہ نے خاص طور پر ڈرامہ سیریل ’سنگِ مر مر‘ کو پسندیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی کہانی انتقام کے موضوعات کے گرد گھومتی ہے، اس میں ایک ایک کردار کو اتنی خوبصورتی سے دکھایا گیا ہے کہ دیکھنے والا ولن (منفی کردار) کی تکلیف سمجھ کر اسے محسوس کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈرامے کے مصنف کی مہارت ہے کہ اس نے کتنی خوبصورتی سے منفی کردار کو بھی بیان کیا ہے کہ دیکھنے والے صرف مثبت کردار سے ہی نہیں بلکہ منفی کردار سے بھی جذباتی وابستگی قائم کر سکتے ہیں۔