سندھ ہائی کورٹ نے اسکیم 33 میں واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پولیس کی مبینہ مداخلت سے متعلق توہینِ عدالت کی درخواست پر ایس ایس پی، ایس ایچ او و دیگر فریقن کو نوٹسز جاری کر دیے۔
سندھ ہائی کورٹ میں شہری منصور خان کی پولیس کی مبینہ جانبداری کے خلاف دائر کی گئی درخواست کے خلاف سماعت ہوئی۔
درخواست گزار منصور خان نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے ایس ایس پی ضلع شرقی کو جانبداری سے روک دیا تھا، عدالت نے پولیس کو سول معاملے میں مداخلت سے دور رہنے کا حکم دیا تھا، نجی کمپنی نے جعلی دستاویزات دکھا کر 3 کروڑ روپے وصول کیے، نجی کمپنی کے خلاف نیب میں انکوائری بھی جاری ہے، نیب انکوائری شروع ہوتے ہی کمپنی کے مالکان فرار ہو گئے تھے، نجی کمپنی خود اپنی دستاویزات جعلی ہونے کا بھی اعتراف کر چکی ہے، عدالتی حکم کے باوجود پولیس نجی کنسٹرکشن کمپنی کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، پولیس کی جانب سے نجی سوسائٹی کے مکینوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
عدالت نے ایس ایس پی ضلع شرقی ڈاکٹر فرخ رضا، ایس ایچ او سچل اورنگزیب و دیگر کو توہینِ عدالت کی درخواست پر نوٹسز جاری کر دیے اور فریقین سے 11 اکتوبر تک جواب طلب کر لیا۔