وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے گندم اسکینڈل پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کوآپریشن (پاسکو) کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) سعید احمد نواز سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
لاہور اینٹی کرپشن سرکل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گندم فروخت میں بےضابطگیوں پر سابق ایم ڈی پاسکو سعید احمد نواز سمیت 7 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جنرل منیجر کمرشل شاہد ابراہیم، جنرل منیجر کمرشل عمران نذیر، زونل ہیڈ افتخار الدین، خریدار محمد سعید، ناصر علی کو بھی گرفتار کیا گیا۔
وزیراعظم انسپکشن کمیشن نے سیلاب سے متاثرہ گندم کے ٹینڈرز میں تحقیقات کا ٹاسک ایف آئی اے کو دیا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سیلاب سے 2022 میں سندھ، بلوچستان میں پاسکو کی 40 ہزار میٹرک ٹن گندم متاثر ہوئی تھی، پاسکو نے سیلاب سے متاثرہ گندم کی فروخت کیلئے جون 2023 میں ٹینڈر جاری کیا، شرائط کے برعکس ٹینڈر میں خریداروں کو 10 فیصد پرفارمنس گارنٹی کی مد میں غیر قانونی رعایت دی گئی۔
شرائط میں رد و بدل سے صرف 39 ملین روپے سرکاری خزانے میں جمع ہوئے، رولز کے مطابق 276 ملین روپے سرکاری خزانے میں جمع ہونے تھے، ملزمان نے سرکاری خزانے کو تقریباً 236 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔