سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو محکمۂ داخلہ پنجاب کے شوکاز نوٹس کے خلاف ان کی اہلیہ میمونہ ریاض نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ نے محمد اکرم کے خلاف شوکاز نوٹس سے متعلق درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف درخواست پر آج سماعت کریں گے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت اپنے گمشدہ افسر کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ محمد اکرم کو جاری شوکاز نوٹس فوری طور پر واپس لیا جائے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے ہوم ڈپارٹمنٹ نے اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو کنٹرول محمد اکرم کو شوکاز جاری کیا ہے۔
ہوم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹوکنٹرول محمد اکرم کو شوکاز 29 فروری کو اڈیالہ جیل میں قیدیوں کی لڑائی پر جاری کیا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق قیدی نے اینٹ مارکر ساتھی قیدیوں کو زخمی اور ایک کو ہلاک کیا، انکوائری میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کی غفلت اور لاپرواہی ثابت ہوئی۔