بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
قومی اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ میں آج اسمبلی سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتا ہوں، یہ بات میں نے کسی کو نہیں بتائی آج ابھی اس پریس کانفرنس میں بتا رہا ہوں۔
اختر مینگل کا کہنا ہے کہ میں اپنے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کر سکا، میں ریاست، صدر، وزیرِ اعظم پر عدم اعتماد کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بڑی مدت کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ پارلیمنٹ آؤں گا، بلوچستان پر اپنا اٹل فیصلہ سناؤں گا، بلوچستان کے مسئلے پر سیر حاصل بحث ہونی چاہیے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہمارے حکمراں اور ایلیٹ طبقے کو بلوچستان پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا چاہیے تھا، میری اور اچکزئی کی شکلیں ان کو برداشت نہیں، میرا مقصد تھا کہ اسپیکر کو بولوں کہ میری باتوں کو تحمل سے سنیں۔
اختر مینگل نے کہا کہ اسلام آباد میں لانگ مارچ کر کے آنے والوں پر لاٹھی چارج کیا گیا، واٹر کینن چلائی، بلوچستان کے حالات دیکھ کر فیصلہ کر کے آیا تھا، میں پورے نظام پر عدم اعتماد کر رہا ہوں۔
واضح رہے کہ اختر مینگل این اے 256 خضدار سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔