سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) پر برہم ہوگئی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ جس پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن کی تخلیق کی، وہ اُسے کہتے ہیں کہ ہم آپ کو جواب دہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا بریفنگ کےلیے نہ آنا ہماری بے عزتی ہے، پوچھتا ہوں کہ کیا پارلیمان واقعی سپریم ہے؟
سینیٹر سرمد علی نے کہا کہ کمیٹی اجلاس میں قانون سازی کے معاملات آنے چاہئیں۔
سیکریٹری پارلیمانی کمیٹی نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ الیکشن کمیشن پاکستان آئینی ادارہ ہے۔
سینیٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ آئینی ادارہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ قانون سے بالاتر ہے، الیکشن کمیشن نے جو بجٹ خرچ کیا، وہ ہم نے ہی دیا ہے۔
سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کو بھی ٹالتے ہیں، جواب نہیں دیتے اور وہ ہمیں موقع دیتا ہے۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن کے سیکریٹری نے خط کے ذریعے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو درکار معلومات دینے سے انکار کیا اور کہا تھا کہ الیکشن کمیشن قائمہ کمیٹی کے دائرۂ اختیار میں نہیں آتا۔