مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سردار اختر مینگل کا استعفیٰ فوری طور پر قبول نہیں کیا جائے گا۔
سب تک نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اختر مینگل کا پاکستان کی سیاست میں بڑا مقام ہے، بلوچستان کے حوالے سے ڈیبیٹ ضروری ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علیحدگی پسند جس صوبے میں ہوں ان سے نمٹنے کا طریقہ اور ہے، بلوچستان میں شناختی کارڈ دیکھ کر قتل کرنے کا واقعہ پہلی بار نہیں ہوا۔
طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں تقریر بلیک آؤٹ ہونا عام بات ہے، نواز شریف نے کبھی نہیں کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملے کرو۔
اُن کا کہنا تھا کہ میری ذاتی رائے ہے سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 50 ہونی چاہیے، عدالت عظمیٰ میں لاکھوں کیسز زیر التوا ہیں۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں بجلی پر مریم نواز نے سبسڈی دی جو خوش آئند ہے، ہم آئی ایم ایف کے چنگل سے بھی آزاد نہیں ہیں۔